![]() |
نیو دہلی: بھارت میں جاری ہاکی ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ آج اسپین کیخلاف کھیلے گی۔ دونوں ممالک کے درمیان اب تک ہونے والے ورلڈ کپس میں پاکستان کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ پاکستان ہاکی ٹیم کو ٹورنامنٹ کے پہلے میچ بھارت کے ہاتھوں چار ایک سے شکست ہوئی تھی اور اب وہ دوسرے معرکے میں اسپین کے مدمقابل آئے گی۔ پاکستان اوراسپین ورلڈکپ میں اب تک دس مرتبہ مدمقابل آچکے ہیں۔ پاکستان نے سات میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ دو میں اسے شکست ہوئی، ایک میچ ڈرا رہا۔ انیس سو اکہتر میں بارسلونا میں کھیلے جانے والے پہلے ورلڈکپ کے فائنل میں پاکستان نے اسپین کو ایک صفر سے شکست دے کر ٹائٹل جیتا تھا۔ پاکستان نے اسپین کے خلاف اٹھائیس گول اسکور کئے جبکہ تیرہ گول اس کے خلاف ہوئے۔پاکستان ٹیم اسپین کے خلاف میچ کیلئے پینالٹی کارنر اسپیشلسٹ سہیل عباس کے زور بازو پر بھروسہ کرے گی۔ سہیل عباس ہاکی کی تاریخ میں تین سو گول اسکور کرنے والے واحد کھلاڑی ہیں اور ورلڈ کپ میں بھی ان سے شاندار کارکردگی کی توقع کی جارہی ہے۔ سہیل اب تک دو سو اسی انٹرنیشنل میچزکھیل چکے ہیں جبکہ وہ ورلڈکپ کے اکیس میچوں میں پاکستان کے موجودہ کھلاڑیوں میں سب سے زیادہ سولہ گول اسکور کرچکے ہیں۔جبکہ دوسری جانب اسپینش ٹیم پاکستان کے خلاف میچ میں اپنے اہم اور تجربہ کار اسٹرائیکر پابلو امات پر انحصار کرے گی۔ بتیس سالہ پابلو بال کنٹرول میں اپنا ثانی نہیں رکھتے اورگزشتہ دس سال سے دفاعی کھلاڑیوں کو دہشت زدہ کررہے ہیں۔ وہ دو سو سترمیچوں میں اسپین کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ پابلو امات اولمپک گیمزمیں سلورمیڈل جیتنے والی اسپینش ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں جبکہ دو ہزار چھ کے ورلڈ کپ میں انہوں نے کوریا کے خلاف گول کرکے اسپین کو تیسری پوزیشن دلائی تھی۔ اسپینش اسٹرائیکر نے تئیس ورلڈ کپ میچوں میں سات بار گیند کو جال میں پہنچایا۔
Shortlink: