![]() |
نئی دہلی: بارہویں ہاکی ورلڈ کپ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی، پول اے سے دفاعی چیمپئین جرمنی اور جنوبی کوریا جبکہ پول بی سے انگلینڈ اور آسٹریلیا نے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ نئی دلی کے دھیان چند اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پول اے کے میچ میں دفاعی چیمپئین جرمنی نے نیوزی لینڈ کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے آؤٹ کلاس کیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر جرمنی کو دو صفر کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں دفاعی چیمپئین نے جارحانہ کھیل جاری رکھا اور مزید تین گول کرکے میچ اپنے نام کرلیا۔ اس کامیابی کے بعد جرمنی نے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔دوسرے میچ میں جنوبی کوریا نے ہالینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد دو ایک سے زیر کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ایک ایک گول سے برابر تھا۔ دوسرے ہاف میں جنوبی کوریا نے مزید ایک گول کرکے میچ جیت لیا۔ آخری میچ میں ارجنٹائن نے کینیڈا کے خلاف یک طرفہ مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی۔ پول بی سے ناقابل شکست انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں نے آخری چار ٹیموں میں جگہ بنائی۔
Shortlink: