UrduWaqt Online

اسٹاک ایکسچینج, گزشتہ ہفتے تیزی کا رجحان, سرمائے میں 192 ارب کا اضافہ

کراچی : پانامہ کیس میں سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمدنواز شریف کی نااہلی کے بعد آنیوالے پہلے ہفتے میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر تیزی کا رجحان دیکھا گیا اور انڈیکس 900 سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا
جس سے 100 انڈیکس 45900 پوائنٹس سے بڑھ کر 46800پوائنٹس کی سطح پر جا پہنچا جبکہ192ارب سے زائد روپے کے اضافے سے سرمائے کا مجموعی حجم 95کھرب روپے سے بڑھ کر 97 کھرب روپے ہو گیا ۔گذشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے پہلے دن سے ہی تیزی کارجحان غالب رہا اور 4دنوں میں رونما ہونیوالی کاروبار ی تیزی کے سبب کے ایس ای 100 انڈیکس 1172.31 پوائنٹس بڑھ گیا مگر ایک دن مندی کی لہر آنے سے انڈیکس206.97پوائنٹس لوز کر گیا ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق سیاسی افق پر چھائی بے یقینی کی کیفیت ختم ہونے اور سرمایہ کاروں کی مارکیٹ میں نئی سرمایہ کاری کی وجہ سے خریداری میں تیزی آنے سے مارکیٹ میں انڈیکس47ہزار پوائنٹس کے قریب پہنچ گیا ہے اورتوقع ہے کہ نئے ہفتے کے دوران مارکیٹ میں تیزی کی بڑی لہرآنے سے انڈیکس کیساتھ سرمایہ کاری کی مالیت میں بھی اضافہ دیکھا جائیگا جبکہ معاشی خبریں بھی مارکیٹ پر اپنا اثر چھوڑیں گی ۔ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 965.34پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور 100انڈیکس 45912.03پوائنٹس سے بڑھ کر 46877.37پوائنٹس ہو گیا،
اسی طرح 518.31 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس 24372.31 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 32438.03پوائنٹس سے بڑھ کر 33038.76 پوائنٹس پر جا پہنچا ۔کاروباری تیزی کے باعث مارکیٹ کے سرمائے میں1کھرب92ارب 82 کروڑ 73 لاکھ 9 ہزار 43 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 95 کھرب 14 ارب 9 کروڑ 55 لاکھ 11ہزار292روپے سے بڑھ کر 97 کھرب 6 ارب 92 کروڑ 28 لاکھ 20 ہزار 335 روپے ہو گیا ۔
گزشتہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 47242.35 پوائنٹس کی بلند سطح پر جا پہنچا تھا جبکہ ایک موقع پر انڈیکس 45912.03پوائنٹس کی پست سطح پر بھی ٹریڈ کرتا دیکھا گیا۔گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ16ارب روپے مالیت کے 45کروڑ52لاکھ 70ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ مارکیٹ کم سے کم13ارب روپے مالیت کے 34 کروڑ 62لاکھ36ہزار حصص کے سودے تک محدود رہی ۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر 2007 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 1250 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،667میں کمی اور 90کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔ کاروبار کے لحاظ سے ایزگار ڈ نائن ،کے الیکٹرک ،سوئی سدرن گیس ،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ،عائشہ اسٹیل مل ، اینگرو پولیمر ،لوٹے کیمیکل ،بائیکو پیٹرولیم ،دوست اسٹیل لمیٹڈ ،پاور سیمنٹ ،انرجی پولیمر ،ہم نیٹ ورک ،ورلڈ ٹیلی کام اور دیوان موٹر سر فہرست رہے ۔

Exit mobile version