واشنگٹن: امریکا کے خفیہ انٹیلی جنس ادارے سی آئی اے نے عوامی رابطے کے لئے سوشل میڈیا کی مقبول عام ویب سائیٹس فیس بک اور ٹوئٹر کا بھی باقاعدہ استعمال شروع کردیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے نے سماجی رابطے کی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر اور فیس بک میں اپنا اکاؤنٹ کھولا ہے، دونوں ویب سائیٹس کے صارفین CIA@ پر رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کی ان دونوں ویب سائیٹس کے ذریعے سی آئی اے عوام سے براہِ راست رابطے میں آئے گی اور یہاں سی آئی اے کے مشن، تصاویر، تاریخ اور دیگر معاملات پر خبریں فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ان میں روزگار اور مختلف شعبوں میں کی جانے والی تعیناتیاں بھی پوسٹ کی جائیں گی۔
ٹوئٹر پر سی آئی اے کی مقبولیت کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ ایک دن کے اندر اس کے فالوورز کی تعداد 3 لاکھ سے بھی تجاوز کرگئی ہے دوسری جانب بڑی تعداد میں ٹوئٹر صارفین کی جانب سے اس پر شک و شبے کا بھی اظہار کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ سی آئی اے پہلے ہی وڈیو شئیرنگ ویب سائیتس ’فِلکر‘ اور’یوٹیوب‘ پر موجود ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ سی آئی اے کا اگل قدم ’یواسٹریم‘ کے ذریعے ’لائیواسٹریمنگ‘ کی جانب بڑھنا ہوگا۔