کیلی فورنیا: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے اسمارٹ فونز کے تین نئے ماڈلز لانچ کر دیے جن میں آئی فونز کی 10 ویں سالگرہ پر جاری کیا جانے والا ایپل ایکس بھی شامل ہے۔
کیلی فورنیا میں ایپل کے نئے ہیڈکوارٹرز میں اسٹیو جابز آڈیٹوریم میں کمپنی کے سی ای او ٹم کک نے ایپل کے جدید ترین اسمارٹ فونز کو متعارف کرایا۔ ایپل کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے ماڈلز میں آئی فون 8، آئی فون 8 پلس اور آئی فون ایکس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایپل کی خصوصی واچ بھی متعارف کرائی گئی جسے واچ سیریز تھری کا نام دیا گیا ہے۔
آئی فون ایکس
آئی فون کی 10ویں سالگرہ کے موقع پر ایپل نے خصوصی طور پر آئی فون ایکس (یعنی 10) ماڈل جاری کیا ہے جسے اب تک کا بہترین اسمارٹ فون قرار دیا جا رہا ہے۔ آئی فون ایکس کی فرنٹ اسکرین مکمل طور پر شیشے سے تیار کردہ ہے اور اس کا ڈسپلے ایج ٹو ایج ہے۔
آئی فون ایکس میں فون کو ان لاک کرنے کے لیے پہلی بار چہرے کی شناخت کا آپشن یعنی فیس آئی ڈی کا نام دیا گیا ہے۔ فون میں ہوم بٹن نہیں دیا گیا جبکہ اس میں 12 میگا پکسل کا ڈوئل لینس ہائی ڈیفینیشن کیمرہ شامل کیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ فرنٹ میں انفرا ریڈ کیمرہ بھی پہلی بار شامل کیا گیا ہے۔ اس فون کی قیمت 999 ڈالر (ایک لاکھ 5 ہزار روپے) رکھی گئی ہے۔
آئی فون 8 اور آئی فون 8 پلس
اپیل کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے آئی فون 8 اور 8 پلس کی تفصیلات بھی جاری کیں گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ دونوں فونز سلور، اسپیس گرے اور نیو گولڈ فنش رنگوں میں دستیاب ہوں گے اور ان میں اب تک کی مضبوط ترین اسکرین استعمال کی گئی ہے اور ساتھ ہی یہ فونز واٹر پروف بھی ہیں۔
آئی فون 8 کا ڈسپلے سائز 4.7 انچ اور 8 پلس کا سائز 5.5 انچ ہے، ان دونوں فونز میں پہلے سے زیادہ بہتر کوالٹی کے اسپیکرز شامل کیے گئے ہیں جن کی آواز پچھلے ماڈلز سے 25 فیصد تک تیز ہے۔ دونوں آئی فونز کا اگلا اور پچھلا کیمرہ 12 میگا پکسل پر مشتمل ہے اور ان دونوں میں وائر لیس چارجنگ کی سہولت بھی موجود ہے۔
ایپل کے مطابق آئی فون 8، آئی فون 8 پلس اور آئی فون ایکس کی بکنگ 15 ستمبر سے شروع ہو گی جبکہ یہ فونز 22 ستمبر تک ایپل اسٹورز پر دستیاب ہوں گے۔ یہ موبائل فونز 64 جی بی اور 256 جی بی کی اسٹوریج کے ساتھ دستیاب ہوں گے جبکہ آئی فون 8 کی قیمت 699 ڈالر (73 ہزار 657 روپے) اور آئی فون 8 پلس 799 ڈالر (84 ہزار 194 روپے) سے دستیاب ہوں گے۔
ایپل واچ
تقریب میں ایپل واچ سیریز تھری بھی لانچ کی گئی جس میں تھری جی اور فور جی سیلولر ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جس کی وجہ سے گھڑی کے ساتھ ساتھ فون لے جانے کی ضرورت نہیں کیونکہ گھڑی سے ہی فون کالز بھی کی اور سنی جا سکیں گی۔
ایپل کی یہ گھڑی واٹر پروف ہے جو مختلف رنگوں میں دستیاب ہے۔ فی الحال یہ گھڑی صرف برطانیہ اور یورپی یونین میں لانچ کی گئی ہے جس کی بکنگ 15 ستمبر سے شروع ہو گی اور 22 ستمبر سے یہ ایپل اسٹورز میں دستیاب ہوں گی۔ سیلولر سروس کی حامل گھڑی کی قیمت 399 ڈالر (42 ہزار روپے) اور بغیر سیلولر سروس کی گھڑی 329 ڈالر (34 ہزار 668 روپے) رکھی گئی ہے۔