اتر پردیش: بھارت میں ایک درجن بندر دل کا دورہ پڑنے سے موت کے منہ چلے گئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے علاقے کوٹ ولی محمدی کے جنگل میں مقامی افراد اس وقت دنگ رہ گئے جب انہوں نے بارہ بندروں کو ایک ساتھ مردہ حالت میں پایا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ممکنہ طورپر شیر کی جنگل میں موجودگی سے خوفزدہ ہوکر بندروں کا یہ گروپ دل کا دورہ پڑنے سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
جانوروں کے ڈاکٹر سنجیو کمار کا کہنا ہے کہ بندروں کی اچانک موت کی وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کیا گیا جس میں ہارٹ اٹیک سے تمام بندروں کے مرنے کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں اس شبہ کو مسترد کیا کہ بندروں کو زہر دے کریا کسی مشتبہ چیز کھلا کر موت کے گھاٹ اتارا گیا ہو۔