سعودی عرب کا عراق کی بگڑتی صورتحال پرقابو پانے کیلئے قومی حکومت کے قیام کا مطالبہ

ریاض: سعودی حکومت نے کہا ہے کہ عراق کی صورت حال اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ ملک میں  فوری قومی حکومت تشکیل دی جائے جبکہ عراق کی صورت حال پر برطانیہ نے ایران سے رابطے شروع کردیئے ہیں اور امریکا نے بھی ایران سے تعاون کا اشارہ دیا ہے۔

سعودی حکومت کے جاری  بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 3 سال سے عراقی حکومت  فرقہ وارارنہ بنیادوں پر پالیسیاں تشکیل دے رہی ہے جس کی وجہ سے عراق کو موجودہ صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ صورت حال نےعراق کی سلامتی اور استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے ا س لیے فوری طور پر قومی حکومت تشکیل دی جائے تاکہ اس مسئلے پرقابو پایا جاسکے۔

دوسری جانب برطانوی وزیر خارجہ ویلیم ہیگ نے اپنے ایرانی ہم منصب  سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے  عراق کے صورت حال پر تبالہ خیال کیا تاہم برطانوی وزارت خارجہ نے بات چیت کی مزید تفصیل بتانے سے انکار کردیا تاہم برطانوی  وزیر اعظم کے ترجمان نے اتنا بتایا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے عراق کا مسئلے پر بات چیت کی۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے عراق کی صورت حال پر اپنے روایتی حریف ایران سے تعاون کا عندیہ دے دیا ہے،غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرئے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عراق کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ایران کے تعاون اورڈرون حملوں سمیت ہر آپشن کھلا رکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں