صنم سعید،محب مرزا کی فلم ’’بچانا ‘‘کا پریمیئر شو آج لاہور میں ہوگا

تشہیری مہم میں ملک گیر سطح پر مصروف ہوں،اداکارہ،میراکردارشائقین کو متاثرکریگا،اداکار

کراچی (سٹاف رپورٹر)اداکارہ صنم سعید نے کہا کہ ملکی فلموں کی تشہیری مہم کی روایت کو جاری رکھنا فلم انڈسٹری کے مستقبل و استحکام کے لئے خوش آئند امر ہے ۔ گزشتہ ایک ماہ سے اپنی پہلی فیچر فلم بچانا کی تشہیری مہم میں ملک گیر سطح پر مصروف ہوں ، میرے ساتھی فنکار محب مرزا اور عدیل ہاشمی بھی میرے ساتھ ساتھ ہیں جس طرح تعلیمی اداروں ، شاپنگ مالز اور دیگر ایونٹس میں ہمیں پذیرائی مل رہی ہے اس کا تصور ہم نے نہیں کیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی شاپنگ مال میں فیشن ڈیزائنرز پرویز لالہ اور دانش لالہ کی جانب سے منعقدہ تعارفی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں فیشن و بیوٹی انڈسٹری کی نامور شخصیات صائمہ اظہر، رباب، ٹیپو جویری، ہماطاہر، نبین علی، وردہ سلیم، بینا حسن، انیسہ فاروقی، سمرا مسلم، مصباح ممتاز، انعم تنویر، اقرااکرام، شہناز رمزی، ریاض منصوری،مرزاا ختیار بیگ، ہماعدنان، دعا جونیجو اور اداکارمحب مرزا شریک تھے ۔ اداکار محب مرزا نے کہا اس فلم میں میرا کردار شائقین کو متاثر کرے گا۔ مذکورہ فلم کی تشہیری مہم اب آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے ۔ اس فلم کاپریمیئر شو آج لاہور کے مقامی سینما گھر میں منعقد کیا جائے گا ،آخری اطلاعات تک صنم سعید اور محب مرزابھی پریمیئر میں شرکت کیلئے لاہور پہنچ گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں