اسلام آباد: ایچ آئی وی ایڈز کے قومی سروے کے بعد انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد میں ایک سال کے دوران 39 ہزار کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد یہ تعداد اب 1 لاکھ 32 ہزار تک جاپہنچی ہے۔
ایکسپریس نیوز کےمطابق ملک بھر میں ایچ آئی وی ایڈز کا قومی سروے مکمل ہوگیا ہے جس کی حتمی رپورٹ آئندہ ہفتے جاری کردی جائے گی۔
ملک بھر میں سروے کرنے والی 60 ٹیموں نے 20 شہروں میں 5 ہزار مقامات سے اعداد و شمار حاصل کیے جس کے بعد یہ انکشاف ہوا ہے کہ ایک سال کے قلیل عرصے میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد میں 39 ہزار افراد کا اضافہ ہوا ہے اور اس طرح اب پاکستان میں ایڈز کے مریضوں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 32 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
سروے کے مطابق آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد بھی سب سے زیادہ ہے جو 60 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ دوسرے نمبر پر سندھ میں یہ تعداد 52 ہزار ہے اور خیبرپختون خوا میں یہ تعداد 11 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جب کہ بلوچستان میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد 3 ریکارڈ کی گئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد 6 ہزار بتائی گئی ہے۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: کافی کا استعمال ہیپاٹائٹس اور ایڈز کے مریضوں کےلیے مفید سروے کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایڈز کے مریضوں کی سب سے بڑی تعداد انجکشن کے ذریعے نشہ لینے والوں کی ہے جب کہ جنسی بے راہ روی کے شکار افراد بھی اس موذی بیماری کا شکار ہوتے ہیں۔