دونوں ممالک تاجروں کیلئے آسان ویزا حصول،بینکنگ سیکٹر میں تعاون اور بھارت میں حائل مسائل کو حل کرنے کیلئے منصوبہ بندی کریں براستہ پاکستان افغان ٹرانزٹ کارگو کے کنٹینروں میں اضافہ ہوگیا،سعودیہ میں پروڈکٹ مارکیٹنگ مہم شروع کرینگے ،سفیر وں سے گفتگو
اسلام آباد (نمائندہ )وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت تجارت میں نان ٹیرف رکاوٹیں دور کرنے پر توجہ دیں، افغانستان کو گزشتہ سال تجارت میں دی گئی سہولتوں کی بدولت پاکستان کے راستے افغان ٹرانزٹ کارگو کے کنٹینروں میں اضافہ ہوا ہے ، حکومت کا وژن علاقائی تجار ت میں اضافے کے ذریعے خطے میں مشترکہ معاشی خوشحالی کا حصول ہے ، اس سال سعودی عرب میں پاکستانی پراڈکٹس کی تشہیر کیلئے وسیع پیمانے پر مارکیٹنگ مہم شروع کی جائیگی، پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے حصول کیلئے اسلام آباد میں سعودی سرمایہ کاروں کیلئے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ا نہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے پاکستان میں متعین بھارتی ہائی کمیشن گوتم بمباوالا ، افغانستان کے سفیر عمرزخلوال اور سعودی عرب کے سفیر عبداللہ مرزوک الزہرانی سے علیحدہ علیحدہ ملاقا ت میں کیا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کے تاجروں کی سہولت کیلئے مر حلہ وار نان ٹیرف رکاوٹیں دور کرنے پر توجہ دیں،تاجروں کیلئے آسان ویزے کا حصول ، بینکنگ سیکٹر میں تعاون او رتاجروں کو باہمی تجارت میں درپیش مسائل کے حل کیلئے منصوبہ بندی کرنی چا ہیے ، گزشتہ سال بھار ت میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان( ٹڈاپ ) کے تحت ہونے والی نمائش میں پاکستانی گارمنٹس کو بہت پذیرائی ملی ،ایسی نمائشوں کا تواتر سے انعقاد کیا جائے گا۔بھارتی ہائی کمشنر نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ گزشتہ چند ماہ سے بھارت پاکستانی کاروباری حضرات کو 3 سال کا ملٹی پل انٹری ویزہ جاری کر رہا ہے جو باہمی تجار ت میں اضافے کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔افغان سفیر سے گفتگو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا جائے گا اور تجارتی سہولت کیلئے موقع پر فیصلے لیے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت گوادر چمن روڈ کے قیام سے افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کو سمندر تک رسائی کا ایک مختصر راستہ میسر ہو گا جس کے ذریعے دنیا سے تجارت میں آسانی ہو گی۔سعودی سفیر سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب میں مارکیٹنگ مہم کے ذریعے جنوبی ایشیائی اور مقامی سعودی آبادی کو پاکستانی پراڈکٹس سے آگاہی فراہم کی جائے گی ۔پاکستان میں متعین ازبکستان کے سفیر نے وفاقی وزیر سے ملاقات کے دوران بتایا کہ اس سال 20جولائی سے ہفتے میں 2 مرتبہ لاہور تاشقند براہ راست پروازیں شروع کر دی جائیں گی،جس میں کارگو پروازیں بھی شامل ہوں گی،براہ راست پروازوں کی بدولت ایگریکلچر اور فوڈ پراڈکٹس کی تجارت میں آسانی ہو گی۔ازبک سفیر نے کہا کہ ازبکستان میں دنیا کی بہترین کوالٹی کپاس پیدا ہوتی ہے ، پاکستانی ٹیکسٹائل صنعتیں جو مغرب کی فیشن انڈسٹری کیلئے مینوفیکچرنگ کرتی ہیں ازبک کپاس اعلیٰ ریشے سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں، ا نہوں نے کہا کہ ازبکستان اس سال پاکستان میں ازبک زرعی مشینری کی نمائش کرے گا جس میں ہر طرز کے زرعی آلات اور مشینری نمائش کیلئے رکھے جائینگے ۔