ہر بھارتی عورت جنسی حملے کا نشانہ بنتی ہے، پونم مہاجن

احمد آباد: بھارت کی حکمراں جماعت بی جے پی کی خاتون رکن پارلیمنٹ نے اپنے ملک میں اخلاقی زوال کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر بھارتی عورت جنسی ہوس کا نشانہ بنتی ہے۔
ریاست گجرات کے دارالحکومت احمد آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کی رکن اسمبلی پونم مہاجن نے انکشاف کیا کہ انہیں بھی جنسی طور پر ہراساں کیا گیا جبکہ بھارت میں ہر عورت زندگی کے کسی نہ کسی موڑ پر جنسی حملے کا نشانہ بنتی ہے، لیکن رونا دھونا اور خاموش رہنا اس مسئلے کا حل نہیں۔
پونم مہاجن نے کہا کہ وہ زمانہ طالب علمی میں ٹرین میں سفر کرتی تھیں تو انہیں بھی مردوں کی غلط نگاہوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا، لیکن میں نے کبھی خود پر ترس نہیں کھایا، بھارت میں ہر عورت کے ساتھ یہی ہوتا ہے، ہر بھارتی عورت پر جملے کسے جاتے ہیں اور نامناسب طور پر چھوا جاتا ہے۔
بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ نے مزید کہا کہ یہ ہم پر منحصر ہے کہ خود ترسی کا شکار نہ ہوں اور اگر کوئی آپ کو ہراساں کرے تو اس کے منہ پر زوردار تھپڑ ماریں اور یہ سوچ سوچ کر نہ جلتے کڑھتے رہیں کہ اس نے آپ کے ساتھ یہ حرکت کیوں کی۔ پونم مہاجن نے بھارتی ڈراموں اور فلموں پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھارتی عورت کا تشخص مسخ کردیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں