بھارتی عوام پاکستانی ڈراموں کے بہت دیوانے ہیں:جوہی چاولہ

نجی دورے پر آنے کے باعث میڈیا سے دوررہی جس کا افسوس ہے ، روانگی سے قبل گفتگو

کراچی (سٹاف رپورٹر)بھارتی اداکارہ جوہی چائولہ نے کہا ہے کہ میڈیا سے گفتگو کرنے پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی ہے ۔نجی دورے پر آنے کی بنا پر پاکستانی میڈیا سے دور رہی ہوں۔کراچی میں میرے عزیز قیام پاکستان سے قبل سے رہائش پذیر ہیں ، پاکستانی فلم ٹریڈ میں ان کا نام بانیوں میں آتا ہے ، اس کے باوجود شوبز کے لوگوں سے دوری میری مجبوری ہے ،جس کا ذاتی طورپر افسوس ہوتا ہے ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کراچی میں نمائندہ دنیا سے تین روزہ نجی دورے کے اختتام پرپی کے 274 سے صبح 11 بجکر 20 منٹ پر ممبئی روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ پاکستان کے دورے پر میڈیا کیلئے خصوصی طور پر وقت نکال کر آئونگی۔ اس بات کو دل سے نکال دیجئے گا کہ ہمیں میڈیا سے دور رہنے کی تلقین کی جاتی ہے ، فنکار کا میڈیا سے چولی دامن کا ساتھ ہے وہ کیسے ٹو ٹ سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے میں فنکار ہی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔اب تو پاکستانی فلمیں بھی اچھی بن رہی ہیں، پاکستانی ٹی وی ڈراموں کے بھارتی عوام بہت دیوانے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.