عامر خان امریکی حریف کرس الیگری سے مقابلے کیلئے تیار

لندن: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامرخان 29 مئی کو امریکی باکسر کرس الیگری سے مقابلے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اس حوالے سے انھوں نے گزشتہ دنوں اپنی ایک تصویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شائقین سے شیئر کی۔ ویلٹر ویٹ کیٹیگری کی یہ فائٹ نیویارک کے بارکلے سینٹر پر منعقد ہوگی۔

عامر خان اس کے بعد آئندہ 12 ماہ کے اندر اندر کیل بروک سے بھی دو دو ہاتھ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ واض رہے کہ عامر خان نے فلوئیڈ مے ویدر اور مینی پاکیو سے مقابلے کی اپنی دیرینہ خواہش کو پس پشت ڈال کر ساری توجہ 29 مئی کو کرس الیگری سے فائٹ پر مرکوز کر رکھی ہے۔ عامر خان نے اپریل میں سابق لائٹ ویلٹر ویٹ ورلڈ چیمپئن کرس الیگری سے فائٹ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 28 سالہ عامر اس فائٹ کیلئے خود کو جسمانی طور پر بہترین خیال کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ عامر خان اب تک پروفیشنل کیریئر میں 30 فتوحات سمیٹ چکے ہیں جس میں 19 مرتبہ انھوں نے حریفوں کو ناک آﺅٹ کیا ہے۔ دوسری جانب 31 سالہ امریکی باکسر الیگری کو 21 فائٹس میں صرف ایک مرتبہ شکست کا سامنا رہا ہے جو انھوں گزشتہ برس نومبر میں فلپائنی باکسر مینی پاکیو سے ملی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.