کروڑوں کی قلندرز ایکسپریس سپر لیگ کی پٹری سے اتر گئی

سلام آباد یونائیٹڈ نے 5وکٹوں سے شکست دیکر ایونٹ میں صرف دومیچ جیتنے والی لاہور قلندرز کی ٹیم کا سفر تمام کر دیا،یکساں فتوحات کیساتھ کراچی کنگز کی پلے آف مرحلے میں رسائی

عمراکمل کی ناقابل شکست ففٹی رائیگاں ،تین مہرے کھسکانے پر عرفان مردمیدان قرار ،بریڈ ہوج نے 85رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر پشاور زلمی کو کراچی کنگز پر فتح دلادی دبئی (سپورٹس ڈیسک)کروڑوں کی ’’قلندرز ایکسپریس ‘‘سپر لیگ کی پٹڑی سے اتر گئی،کراچی کنگز نے پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق سپر لیگ کی مہنگی ترین ٹیم ‘‘لاہور قلندرز ‘‘ کا لیگ میچوں میں ناقص کارکردگی کے باعث ایونٹ میں سفر تمام ہو گیا،کرس گیل ،عمر اکمل ،ڈیوائن براوواور اظہر علی جیسے بڑے سٹارز سے سجی لاہور کی ٹیم 8میں سے صرف دو میچ جیت سکی اور پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر رہنے کے باعث پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل نہ کر سکی ،کراچی کنگز نے بھی اتنے ہی میچز جیتے مگر لاہور قلندرز کو دونوں لیگ میچوں میں شکست دینے کے باعث اس نے اگلے مرحلے میں شمولیت یقینی بنا لی ،لیگ مرحلے کے اختتام پر پشاور زلمی 6میچ جیت کر پہلے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اتنی ہی فتوحات کیساتھ دوسرے نمبر پر ہے ،4فتوحات کیساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ کا تیسری پوزیشن پر قبضہ ہے جبکہ کراچی کنگز کی ٹیم چوتھی پوزیشن پر فائز ہے ۔گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف میچ میں لاہور کو اگلے مرحلے میں رسائی کیلئے لازمی فتح درکار تھی مگر وہ پانچ وکٹوں سے شکست کھا گئی ۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ،لاہور قلندرز کی ٹیم ابتدا میں شدید مشکلات کا شکار ہو ئی اور اس کی پہلی تین وکٹیں صرف 6رنز پر گر گئیں مگر اس کے بعد صہیب مقصود اور عمراکمل نے شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کر کے لاہور کو معقول مجموعے تک پہنچادیا ،صہیب مقصود 57رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے جبکہ عمراکمل نے 72رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ،لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 5وکٹیں گنوا کر 150رنز بنائے ،جواب میں اسلام آباد کی ٹیم بھی کافی دفعہ مشکلات کا شکار ہو ئی مگر ہیڈن کے 54اور کپتان مصباح الحق کے 38رنز کی بدولت اس نے ہدف 19اوورز میں 5وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا ۔میچ میں تین وکٹیں حاصل کرنیوالے اسلام آباد کے فاسٹ باؤلر محمد عرفان کو مردمیدان قرار دیا گیا ۔قبل ازیں دن کے پہلے میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 5وکٹوں سے ہرایا ۔ کراچی کنگز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 7وکٹیں گنوا کر 152رنز بنائے ،لینڈل سیمنز 49رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے ،شاہ زیب حسن 18،شعیب ملک 15اور روی بوپارا 23رنز بنا سکے ۔ہدف کے تعاقب میں پشاور کاآغاز کافی سلوتھا اور اس نے 10اوورز میں صرف 60رنز ہی بنائے تھے ،69پر 4وکٹیں گنوانے کے بعد بریڈ ہوج نے میچ کا پانسہ پلٹنا شروع کیا اور چند لمحوں میں کھیل کا نقشہ بدل دیا ،انہوں نے 45گیندوں پر 85رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔ایلن بے 31رنز کیساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے ،محمد حفیظ 4،میلان 8،کپتان شاہد آفریدی 5اور کامران اکمل 8رنز بنا کر رخصت ہو ئے ۔پشاور زلمی نے کراچی کا ہدف 18.3اوورز میں 5وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا ۔کراچی کی جانب سے بلاول بھٹی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔میچ میں فتح گر اننگز کھیلنے پر پشاور زلمی کے آسٹریلوی بلے باز بریڈہوج کر مردمیدان قرار دیا گیا ۔ ایونٹ میں پلے آف مرحلے کا آغاز کل سے ہو گا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.