یونائٹینڈ نے کنگز کے ڈولتے تخت کو آخری ٹھوکر ماردی

مصباح الیون نے دوسرے پلے آف میچ میں 9وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کا سفر تمام کر دیا ،مردمیدان محمد سمیع نے 5مہر ے کھسکائے کنگز نے پہلے کھیل کر گرتے پڑتے 9وکٹیں گنوا کر 111رنز بنائے ،اسلام آباد نے ہدف 15ویں اوور میں پالیا ،آج تیسرے پلے آف میچ میں پشاور زلمی کا چیلنج درپیش

دبئی(سپورٹس ڈیسک )اسلام آباد یونائیٹڈ نے کنگز کے ڈولتے تخت کو آخری ٹھوکر ماردی ،دوسرے پلے آف میچ میں شکست کے بعد کراچی کنگز کی ٹیم پاکستان سپر لیگ سے باہر ہو گئی ،گزشتہ روز کپتان تبدیل کرنے والی کراچی کنگز کی ٹیم پلے آف میچ میں آفر کلر نظر آئی اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے کھیل کے تینو ں شعبوں میں اسے بری طرح مات دیتے ہو ئے 9وکٹوں سے ہرا دیا۔گزشتہ روز دبئی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے پلے آف میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔اننگز کے آغا ز سے ہی کراچی کی ٹیم مشکلات کا شکار نظر آئی اور وقفے وقفے سے اس کی وکٹیں گرتی رہیں ،اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ باؤلرز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور محمد سمیع نے 4اوور ز میں صرف 8رنز دے کر 5وکٹیں اڑائیں ،کپتان روی بوپارا کے سوا کوئی بھی کھلاڑی اسلام آباد کے باؤلرز کا مقابلہ نہ کر سکا ۔بوپارا 37 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ لینڈل سمینز 19رنز بنا سکے ۔اسلام آباد کی جانب سے آندرے رسل نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں اور اس طرح کراچی کی ٹیم مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر صرف 111 رنز بنا سکی۔آسان ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کو 18 کے مجموعی سکور پر شرجیل خان کی صورت میں پہلا نقصان برداشت کرنا پڑا تاہم اس کے بعد بریڈ ہیڈن اور سمتھ نے کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو نو وکٹوں سے شاندار فتح دلا دی ۔سمتھ اور ہیڈن نے 97رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی، ہیڈن 52 اور سمتھ 50 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور اسلام آباد نے ہدف 14.2اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرکے تیسرے پلے آف میچ کیلئے کوالیفائی کر لیا ۔ شکست کے بعد کراچی کنگز کی ٹیم پاکستان سپر لیگ سے باہر ہو گئی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم آج تیسرے پلے آف میچ میں پشاور زلمی کا سامنا کر ے گی ،دبئی میں ہونیوالا میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9بجے شروع ہو گا جبکہ اس میچ کی فاتح ٹیم فائنل کیلئے کوالیفائی کر جائے گی جو 23فروری کو ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.