سپر لیگ کا فاتح کون ? فیصلہ کن جنگ آج ہوگی

فائنل معرکے میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈ ی ایٹرز کی ٹیمیں آج آمنے سامنے ہوں گی،دونوں ٹیموں کے مابین کانٹے دار مقابلہ متوقع، میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے کھیلا جائے گا

کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں فائنل میں پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے :سرفراز احمد ، حالیہ فتوحات کے بعد فائنل جیتنے کیلئے بھی پرعزم ہیں،افتتاحی ایڈیشن اپنے نام کرینگے :مصباح الحق دبئی(احتشام الحق )پاکستان سپرلیگ کے چیمپئن کا فیصلہ آج ہو گا، اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے قائد سرفراز احمد ٹائٹل جیتنے کے لئے پر عزم ہیں ، دونوں کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل شائقین کو زبردست میچ دیکھنے کو ملے گا۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے زیر اہتمام کھیلی جانے والی پہلی پی ایس ایل کا فائنل میچ آج پاکستانی وقت کے مطابق رات 9بجے اسلام آبادیونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا ۔ کوئٹہ کی ٹیم نے ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن حاصل کرتے ہوئے فائنل میچ تک رسائی حاصل کی اور اسے ٹائٹل کے لئے فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا تاہم دوسری جانب اسلام آباد کی ٹیم مصباح الحق کی قیادت میں ابتدائی میچوں میں یکے بعد دیگرے شکستوں کے بعد ایونٹ میں واپس آئی اور پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن حاصل کرنے کے بعد پلے آف میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں پہنچی ہے اور کرکٹ پنڈت اب اسلام آباد کو جیت کے لئے پسندیدہ قرار دے رہے ہیں ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مسلسل دو میچ کھیلنے کے بعد گزشتہ روز آرام کیا تاہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہیڈ کوچ معین خان کی نگرانی میں اکیڈمی نیٹس میں بھر پورٹریننگ کی۔ کوچنگ سٹاف نے بیٹنگ ،باؤلنگ کے علاوہ کھلاڑیوں کو گراؤنڈ فیلڈنگ اور کیچز کی پریکٹس کرائی۔میچ کے لئے دونوں ٹیموں کا موازنہ کیاجائے تو دونوں کے پاس ہی بہتر کمبی نیشن ہے تاہم اصل امتحان نوجوان کپتان سرفراز احمد اور تجربہ کار مصبا ح الحق کے درمیان ہو گا۔ اگر چہ دونوں ٹیمیں اپنے گزشتہ میچ کی فاتح ٹیموں کے ساتھ ہی کھیلیں گی تاہم حتمی ٹیموں کا انتخاب ٹاس سے قبل پچ کی کنڈیشنز دیکھ کر ہی کیا جائیگا۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کا سٹارٹ کچھ اچھا نہیں تھا تاہم اب ان کا ٹیم کمبی نیشن بن چکا ہے اور اب تمام کھلاڑی اپنے اپنے رول کے مطابق کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے باؤلر اب ردھم میں آ چکے ہیں بیٹسمینوں نے گزشتہ دونوں میچوں میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مخالف ٹیموں کو دباؤ میں رکھا اور اب فائنل میچ میں بھی ٹیم بہتر فائٹ کرتے ہوئے میچ جیت کر ٹائٹل حاصل کر لے گی۔ کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمدبھی بڑے پر امید ہیں اور انہیں توقع ہے کہ کھلاڑی اپنی سابق کارکردگی کو دہراتے ہوئے میچ جیتیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں پے در پے کامیابیوں سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور لیگ کے گزشتہ میچوں کی طرح فیصلہ کن مقابلے میں بھی غیرمعمولی کارکردگی دکھا کرپہلی پی ایس لیگ کے چیمپئن بننے کی پوری کوشش کریں گے ۔فائنل میچ دیکھنے کے لئے مہمانوں کی بڑی تعداد دبئی پہنچ چکی ہے ۔ اگرچہ وزیر اعظم میاں نواز شریف اور عمران خان دعوت کے باوجود نہیں آ رہے تاہم بلوچستان کے وزیر اعلیٰ اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لئے گراؤنڈ میں موجود ہو ں گے جبکہ یو اے ای کے وزیر کلچروتعلیم بھی موجود ہو ں گے ۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے لیگ کی اختتامی تقریب کو یادگار بنانے کے لئے بھی انتظامات مکمل کر لئے ہیں،انتظامیہ کے مطابق میچ اور تقریب ہرحوالے سے یادگار ہوگی اور شائقین کرکٹ اسے لمبے عرصے تک یاد رکھیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.