پی ایس ایل کی کارکردگی اہم ایونٹس میں بھی قائم رہے گی،شرجیل خان

قومی ٹیم میں جگہ بنانے کی خوشی ہے ،سلیکٹرز اور شائقین مایوس نہیں ہوں گے ،بیٹسمین

دبئی (رپورٹ: طارق حسین ) پاکستان سپرلیگ میں اولین سینچری بنانے والے بیٹسمین شرجیل خان نے ایشیاء کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بھی اپنی کارکردگی کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کردیا۔ دبئی میں روزنامہ دنیا کے نمائندے سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ قومی ٹیم میں جگہ بنانے پر خوش ہیں اور بھرپور کوشش کریں گے کہ سلیکٹرز اور شائقین کرکٹ کو مایوس نہ کریں۔ انہوں نے اپنی اس تاریخی کارکردگی کو اپنے والدین کے نام کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی ایس ایل کی ابتداء ہی سے اچھی کارکردگی کیلئے محنت کر رہے تھے اور وہ سمجھتے ہیں کہ انہیں اس کا پھل بھی مل گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مصباح الحق سمیت ٹیم میں انہیں سب نے سپورٹ کیا جس کے باعث ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا طویل عرصے سے انتظار تھا جس کی ڈومیسٹک کرکٹرز کو منظر عام پر آنے کیلئے ضرورت بھی تھی۔ انہوں نے کہا اس ایونٹ سے تمام کرکٹرز کو فائدہ ہوا اور انہیں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا بھرپور موقع بھی مل گیا۔ ایک سوال پر جارحانہ اسٹروکس کے مالک بیٹسمین نے کہا کہ ایسے کرکٹرز جنہیں انٹرنیشنل سطح پر پذیرائی نہیں ملی تھی اس ایونٹ سے ابھرنے میں کامیاب ہو گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں زیادہ ٹیمیں ہوں گی تو مزید کرکٹرز کو موقع ملے گا اور پاکستان کی بینچ اسٹرینتھ بھی مضبوط ہو گی۔ شرجیل خان نے کہا کہ انہیں اس بات کی بھی بہت خوشی ہوئی کہ وہ پی ایس ایل میں حیدرآباد کی عوام کی امیدوں پر بھی پورے اترے کیونکہ ان کے شہر کے لوگ ہمیشہ سے بہت زیادہ سپورٹ کرتے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.