اسلام آباد کی کارکردگی مکمل پیشہ ورانہ تھی, ہیڈن اور اسمتھ کی پرفارمنس اسپیشل رہی, مصباح الحق

عمر اکمل عمدہ بیٹسمین،آندرے رسل بہترین بالراور روی بوپارا سب سے قیمتی کھلاڑی قرار،لاہور قلندرز کیلئے اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ

دبئی(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کا اولین ٹائٹل جیتنے والی سائیڈ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے اپنی ٹیم کی کارکردگی کو مکمل پیشہ ورانہ اور بریڈ ہیڈن کے علاوہ ڈوین اسمتھ کی کارکردگی کو ’’اسپیشل‘‘قرار دے دیا،ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر عمر اکمل کو بہترین بیٹسمین،آندرے رسل کو عمدہ بالر اور روی بوپارا کو سب سے قیمتی کھلاڑی کے ایوارڈز مل گئے جبکہ احمد شہزاد کو بھی خاص کھلاڑی کے طور پر ایک بیش قیمت کار انعام میں دی گئی اور لاہور قلندرز کی ٹیم اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ لے اڑی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم کو دوسری اننگز میں جو ہدف ملا وہ آسان نہیں تھا لیکن مکمل پروفیشنل کارکردگی نے انہیں کامیابی سے ہمکنار کرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈوین اسمتھ اور بریڈ ہیڈن کی اننگز ’’اسپیشل‘‘تھیں جنہوں نے کسی بھی موقع پر گھبراہٹ میں مبتلاہونے کے بجائے پرسکون انداز سے حریف بالرز کا مقابلہ کرتے ہوئے جیت کو یقینی بنایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اننگز شروع کرنے سے قبل انہوں نے ایک اوور میں ایک باؤنڈری کی پلاننگ کی تھی اور ان کے بیٹسمینوں نے اس پر پوری طرح عمل کیا جبکہ ان کے بالرز پہلے ہی اپنا کام کر چکے تھے ۔ان کا کہنا تھا کہ نوجوان اسپنرز اور بیٹسمین جن کو بھی موقع فراہم کیا گیا انہوں نے خود کو ثابت کیا جس کیلئے وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی سلام کرتے ہیں۔ انہوں نے قیادت کیلئے اعتماد کرنے پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی جانب سے بھرپور کوشش کی اور جس حد تک ممکن ہو سکا ایک بہترین اسکور بھی حاصل کیا لیکن یہ اسلام آباد کا دن تھا جس نے میدان مار لیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر قسمت ساتھ دیتی اور کیچز کرنے کے ساتھ ایک دو مزید مواقع ہاتھ سے نہ جاتے تو شاید کھیل کا نقشہ بدل بھی سکتا تھا۔ انہوں نے فائنل کھیلنے کو ایک اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ لیگ سے بہت زیادہ اعتماد ملا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.