بنگالی ٹائیگرز کی فائنل تک رسائی

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 129رنز بنائے ،بنگلہ دیش نے آخری اوور کی پہلی گیند پر 131رنز بنا کر ہدف کو 5وکٹوں کے نقصان پر عبور کرلیا

دونوں ٹیموں کو فائنل تک رسائی کیلئے میچ میں کامیابی ضروری تھی اور میزبان ٹیم نے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا اور پہلی بار ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز پایا،سومیاسرکارمین آف دی میچ قرار پائے میرپور(سپورٹس ڈیسک )ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کے اہم میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔میرپور کے شیر بنگلہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان نے مایوس کن انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور خرم منظور ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد شرجیل خان 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز محمد حفیظ بدقسمت رہے جب انھیں امپائر نے وکٹ کے اوپر سے جاتی ہوئی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دیا۔ابتدائی تین بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان ٹیم کے لیے گزشتہ میچ میں ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے والے عمر اکمل اور سرفراز احمد نے بمشکل سکور کو 28 رنز تک پہنچایا، عمر اکمل 11 گیندوں پر 4 رنز بنا کر اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے ۔ سرفراز احمد اور شعیب ملک نے پانچویں وکٹ میں 70 رنز کی شراکت قائم کی اور پاکستان کا سکور 98 رنز تک پہنچایا۔شعیب ملک 41 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے ۔کپتان شاہد آفریدی نے اپنے مداحوں کو ایک دفعہ پھر مایوس کیا اور صفر پر پویلین واپس چلے گئے ۔سرفرازاحمد تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے اور بنگلہ دیشی باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔انور علی 13 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے ۔سرفرازاحمد 58 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے ۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کو پہلا نقصان 13 رنز پر اٹھانا پڑا جب تمیم اقبال 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم سومیا سرکار نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور صابر رحمٰن کے ساتھ سکور کو 46 رنز تک لے کر گئے مگرصابر14 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔سومیا سرکار 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو بنگلہ دیش کا سکور 83 تھا، محمد عامر نے یارکر گیند کے ذریعے ان کی وکٹیں اڑا دیں جبکہ مشفیق الرحیم 12 رنز بنا کر شعیب ملک کا شکار بنے ۔15 اوورز کے اختتام پر بنگلہ دیش کا سکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 90 تھا۔ شکیب الحسن 8 رنز بنا سکے عامر نے جب ان کی وکٹیں بکھیر دیں تو انہوں نے غصے میں اپنا بلاوکٹوں پر دے مارا۔کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو جیت دلادی وہ 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ محموداللہ نے 22 رنز بنا کر بنگلہ دیش کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔بنگلہ دیش نے آخری اوور کی پہلی گیند پر 131 رنز بنا کر ہدف کو 5 وکٹوں کے نقصان پرپورا کرلیا۔ دونوں ٹیموں کی فائنل تک رسائی کے لیے اس میچ میں کامیابی ضروری تھی اور میزبان ٹیم نے اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا اورایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز پایا۔سومیاسرکارمین آف دی میچ قرار پائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.