گرین شرٹس رسوائی کی گہری کھائی میں منہ کے بل گر پڑے

ڈھاکا: بنگلادیش نے پاکستان کو7 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچز پر مشتمل سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔

بنگلا دیش کے شہر میر پور کے شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے جس کے جواب میں بنگلادیش نے ہدف باآسانی 3 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بنگلہ دیش نے اننگز کی ابتدا میں ہی پاکستانی ٹیم کے طوطے اڑانا شروع کردیے، سومیہ سرکار نے جنید خان کو مسلسل 3 چوکے جڑے لیکن اوور کی چوتھی گیند پر 17 رنز بنانے کے بعد وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے، وکٹ گرنے کے باوجود تمیم اقبال اور محموداللہ نے بولرز کی پٹائی جاری رکھی، میزبان ٹیم نے ففٹی چھٹے اوور میں ہی مکمل کرلی، تمیم نے سعید اجمل کا استقبال 3 چوکوں سے کرنے کے بعد وہاب ریاض کو بھی مسلسل 3 باؤنڈریز جڑ کر صرف 31گیندوں پر نصف سنچری کا سنگ میل عبور کیا۔

بنگلہ دیش کے 100رنز چودھویں اوور میں مکمل ہوئے تھے کہ محموداللہ بھی 17 رنز بنا کر سعید اجمل کی گیند پر بولڈ ہوگئے، بعد ازاں میزبان ٹیم نے بڑی آسانی کے ساتھ فتح کی جانب سفر جاری رکھتے ہوئے 25ویں اوور میں 150کا سنگ میل بھی عبور کرلیا،کوئی بولر میزبان بیٹنگ لائن کے لیے مشکلات پیدا کرتا نظر نہیں آیا، مشفیق الرحیم نے ففٹی مکمل کرکے بیٹ ہوا میں لہرایا اور مقامی شائقین سے بھرپور داد وصول کی،34 ویں اوور میں 200رنز مکمل ہونے کے بعد مہمان کھلاڑیوں کے چہروں پر شکست کی چھاپ گہری ہوتی نظر آنے لگی ، تمیم اقبال نے سنچری مکمل کی تو ٹائیگرز کو فتح کیلیے 30رنز درکار تھے، راحت علی نے مشفیق الرحیم کو65 رنز پر فواد عالم کے ہاتھوں کیچ کرا کر آؤٹ کیا لیکن اس وقت تک بہت دیر ہوچکی تھی.

بنگال ٹائیگرز کی جانب سے اوپننگ بلے باز تمیم اقبال ایک مرتبہ پھر بولروں پر بھاری ثابت ہوئے اور انہوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے لگاتار دوسرے میچ میں سنچری مکمل کی۔ بنگلہ دیش نے ہدف 38.1 اوورز میں حاصل کرکے اپنی کرکٹ تاریخ میں پہلی بار پاکستان کے خلاف سیریز اپنے نام کرلی

پاکستان کی جانب سے کوئی بولر خاطرخواہ کارکردگی پیش نہ کرسکا اور جنید خان 61 ،سعید اجمل 49 اور راحت علی نے 57 رنز کے عوض ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.